پاک بحریہ نے 55 واں یومِ دفاع عقیدت اور جوش و جذبے سے منایا


پاک بحریہ نے 55  واں یومِ دفاع عقیدت اور جوش و جذبے سے منایا۔ یہ دن ہماری مسلح افواج ، شہدا، غازیوں اور قومی ہیروز کی عظیم قربانیوں کی یادمیں منایا جاتا ہے جوکہ 1965 کی پاک بھارت جنگ میں دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے رہے ۔ 

اس موقع پر اپنے پیغام میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے شہدا اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیاجو دشمن کی عددی برتری کے باوجود ثابت قدم رہے اور انھوں نے دشمن کے ناپاک عزائم کو تحمل ، ہمت اور غیرت مندی سے خاک میں ملادیا ۔ 

پاکستانی قوم یہ دن اپنے بہادر اور جری سپاہیوں ، سیلرز اور ائیر مین کی قربانیوں کی یاد میں عقیدت و احترام سے مناتی ہے جنھوں نے اپنے وطن کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی بخوبی حفاظت کی۔انھوں نے کہا کہ پاک بحریہ کثیرالجہتی بحری خطرات سے نبردآزما ہونے اور دشمن کی سازشوں کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے ہر طرح سے تیار ہے ۔ 

 امیر البحر نے کہا کہ ہمت ، عزم ، قربانی اور قومی سالمیت کا مظہر، یہ دن تقاضہ کرتا ہے کہ بیغرض ہو کر ملک کے لیے کام کیا جائے ، قائد کے عظیم اصولوں پر کار بند رہا جائے اور اللہ تعالی پر کامل یقین رکھا جائے ۔ دن کا آغاز بحریہ کی تمام مساجد میں خصوصی عبادات سے ہوا جس میں ملکی سالمیت اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں ۔ 

1965 کی جنگ کے شہدا کے ایصال ِثواب کے لیے قرآن خوانی کی گئی ۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں یادگار شہدا پر پھول چڑھائے ، شہدا کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور فاتحہ خوانی کی ۔مختلف فیلڈ کمانڈ ہیڈکوارٹرز میں بھی شہدا کی یادگاروں پر پھول چڑھائے گئے اور فاتحہ خوانی کی گئی ۔ 

بحریہ کے تمام یونٹس اور تنصیبات میں پرچم کشائی کی تقریبات ہوئیں جہاں کمانڈنگ آفیسرز نے افسران اور جوانوں کے اجتماع سے خطاب کیا اور اس دن کی اہمیت کو اجاگر کیا ۔ تمام بحری جہاز اور یونٹس کی بحری روایات کے مطابق تزئین و آرائش کی گئی ۔ مزید برآں گوادر اور کریکس علاقوں میں یومِ دفاع کے موقع پر کشتیوں کی ریلیوں اور کھیلوں کے مقابلوں کا  انعقاد کیا گیا ۔ 

 

Comments