ایران کو اسلحہ فراہم کرنے والی ہر کمپنی اور شخصیت پر پابندی لگائیں گے، امریکہ کی دھمکی


 امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے کہا ہے ایران کو اسلحہ سپلائی کرنے والی ہرکمپنی، ادارے اور فرد کو پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا  ۔ 

امریکی حکومت کاکہنا ہے کہ اقوام متحدہ کی طرف سے ایران پر اسلحہ کے حصول پر عاید کردہ پابندیوں میں توسیع کی ہرممکن کوشش کی جائے گی ۔ ایران کے ساتھ اسلحہ کی ڈیل کرنے سے متعلق یہ تنبیہ ایران کے لیے امریکہ کے خصوصی ایلچی ایلیوٹ ابرامز کی جانب سے ایک پریس بریفنگ میں دی گئی ۔ 

انہوں نے کہا کہ پابندی میں توسیع کے بعد کوئی کمپنی ایران کو اسلحہ فروخت نہیں کرسکے گی ۔  اگر کسی کمپنی یا ادارے کی طرف سے ایران کے ساتھ اسلحہ کی کوئی ڈیل کی گئی تو اس کے نتیجے میں اسے امریکا کی طرف سے سخت نوعیت کی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ 

دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے اپنے برطانوی ہم منصب ڈومینک راب کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ واشنگٹن ایران پر عائد اسلحہ کے پابندی کو برقرار رکھنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا ۔ ہم ایران کے خلاف پابندیوں کو دوبارہ فعال کریں گے ۔ 

انہوں نے وضاحت کی کہ امریکہ ایران پر پابندیاں عائد کرنے کے لئے اگلے ہفتے ایک بار پھر اقوام متحدہ سے رجوع کرے گا اور ان پابندیوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گا ۔ برطانوی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم ایران کیجوہری ہتھیاروں کے حصول سے متعلق امریکی موقف کے تائید کرتے ہیں ۔

 

Comments