موٹروے مراد سعید کی وزارت کا حصہ ہے فوری برطرف کیاجائے


پاکستان پیپلز پارٹی کی سیکریٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ موٹر وے پرخاتون سے زیادتی کے مجرم تاحال گرفتار نہیں ہوئے ہیں نالائق وزیر مواصلات مراد سعید کو برطرف کیا جائے ، 

موٹروے مراد سعید کی وزارت کا حصہ ہے مراد سعید کیوں غائب ہیں ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ انسانیت سوز واقعے پر مراد سعید کی خاموشی سوالیہ نشان ہے مجرموں کا گرفتار نہ ہونا سی سی پی او  لاہور کے بیان کی تائیدہے انسانیت سوز واقعے کو سانحہ ساہیوال کی طرح دبنے نہیں دینگے ۔ 

 ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ نئے پاکستان کے حالات یہ ہیں کہ آدھا پاکستان سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے اور باقی پاکستان میں موٹروے پر ایک خوفناک واقعہ پیش آیا ایک خاتون کے ساتھ اجتماعی زیادتی ہوئی پاکستان پیپلز پارٹی اس کی پرزور مذمت کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ ملزمان کو پاکستان کے قانون کے مطابق سخت سے سخت سزادی جائے انہوں نے کہا کہ سی سی پی او لاہور نے جو بیان دیا ہے وہ قابل مذمت ہے اس سے ملزمان کو فائدہ پہنچایاجارہا ہے اور ان کی سہولت کاری کی جارہی ہے اور سی سی پی او کی سہولت کاری کی وزیر اور مشیر کررہے ہیں ۔ 

 ہمارا مطالبہ ہے کہ ملزمان کے ساتھ سہولت کاروں کو بھی کٹہرے میں کھڑا کیاجائے پاکستان میں کسی جگہ خواتین کی عزتیں محفوظ نہیں ہیں انہوں نے کہا کہ پنجاب میں عمران خان وائسرائے کا راج ہے اور عثمان بزدار ایجنٹ ہیں جو ہرچار ماہ بعدآئی جی تبدیل کرتے ہیں ساہیوال سانحہ میں بھی سہولت کاری ہوئی تھی انہوں نے کہا کہ کہا جارہا ہے کہ خاتون گھر سے کیوں باہر نکلی اس بیان پر خاتون کو قصور وار ٹھہرایا جارہا ہے جو قابل مزمت ہے ۔

 

Comments