شہبازشریف واپس آکر پچھتا رہے ہیں، ن اور ش لیگ الگ ہوجائیں گی


وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اس سال کے آخر تک ن اور ش لیگ الگ ہوجائیں گی ، ن لیگ پتھر مارنے والی اورش لیگ سنگ تراش جماعت ہوگی ، آٹے اورچینی کا معاملہ مس ہینڈل کیا گیا جس کے ہم خود ذمہ دار ہیں ۔ 

 ریلوے ہیڈ کوارٹر میں ہفتہ وارپریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ لندن بھگوڑوں اور اشتہاریوں کی آماجگاہ بنتا جا رہا ہے ، عدالت کو جتنے بھی لوگ مطلوب ہیں وہ لندن بھاگے ہوئے ہیں ، اس سال کے آخر تک ن اور ش لیگ الگ ہوں گے ، جس کے بعد ن لیگ پتھر مارنے والی اورش لیگ سنگ تراش جماعت ہوگی ،

 سابق وزیراعظم نواز شریف جیسے لوگوں کیلئے یہ افسوسناک ہو گا ، یہ ووٹ کو عزت کیوں نہیں دے رہے؟ اب تو عدالتیں بھی کہہ رہی ہیں کہ جو ہسپتال میں نہیں وہ کیسا بیمار ہے ۔ شہبازشریف نے واپس آکر غلطی کی اب پچھتا رہے ہیں ۔  سانحہ موٹروے پر شیخ رشید احمد نے کہا کہ گجرپورہ واقعہ ہم سب کیلئے باعث ندامت ہے ،  امید ہے موٹروے پر ہونے والی زیادتی کے ملزموں کو گرفتار کیا جائے گا ، 

 سی سی پی او نے جو بیان دیا انتہائی غیرذمہ دارانہ ہے اور بغیر سوچے سمجھے دیا ہے ، سارے لوگ میڈیا کے قابل نہیں ہوتے  ، تاہم اسد عمر کو سی سی پی او سے نہ ملائیں وہ سمجھدار آدمی ہیں ، وفاق اور سندھ میں اچھے تعلقات ہونے چاہیے یہ اچھی بات ہے ۔ 

وفاقی وزیر ریلوے نے بتایا کہ پاکستان ریلوے نے کراچی کو منی ہیڈ کوارٹرز بنانیکا فیصلہ کیا ہے ، ریلوے کی آمدن میں اضافے کیلئے مال گاڑیوں میں اضافہ کریں گے ، ٹھیکیداروں کو پیسے دینے کی بجائے پینشن والوں کو پیسے دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔  ایک سوال کے جواب میں شیخ ریشد احمد نے کہا کہ آٹے اورچینی کا معاملہ حکومت کی طرف سے مس ہینڈل کیا گیا جس کے ہم خود ذمہ دار ہیں ۔   


Comments