عمران خان کو عوام نے وزیر اعظم منتخب کیا کسی ملکی ادارے نے نہیں


  وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان کسی بھی مارشل لاء کا حصہ نہیں رہے جبکہ اپوزیشن کی ہر جماعت آمریت دور کا حصہ رہ چکی ہے ۔  حکومت کا عدلیہ اور عسکری اداروں سمیت ہر ایک سے اچھے تعلقات ہیں ، 

 پاکستان کی فوج وہی کردار ادا کر رہی جو کہ حکومت اور کیبنٹ چاہتی ہے ،  عمران خان کو کسی ملکی ادارے نے نہیں بلکہ عوام  نے ووٹ کے ذریعے منتخب کیا۔ حکومت اس بات کا فیصلہ کرتی ہے کس ملکی ادارے کا پاکستان کی ترقی میں کتنا کردار ہوگا ،  حکومت ہم آہنگی کے ساتھ تمام اداروں کے ساتھ کام کررہی ہے اور اپوزیشن کو یہ گوارا نہیں ہے ۔ 

 غیر ملکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ  عمران خان نے متعدد بار انتخابات میں حصہ لیا اور ناکام رہے لیکن 22 سالہ سیاسی جدو جہد کے بعد انہیں کامیابی ملی اور وہ وزیر اعظم کے منصب پر فائز ہوئے ،  عمران خان کسی بھی مارشل لاء   کا حصہ نہیں رہے جبکہ اپوزیشن کی ہر جماعت ڈکٹیٹر کے دور کا حصہ رہ چکی ہے ۔ 

 کوئی بھی اپوزیشن لیڈر عمران خان کے جتنی عوامی مقبولیت رکھنے کا دعوی نہیں کر سکتا، وہ نا صرف آج بلکہ دو سال قبل انتخابات کے وقت بھی ملک کے سب سے زیادہ معروف لیڈر تھے، عمران خان کو ووٹ کے ذریعے عوام نے وزیر اعظم بنایا ہے نہ کہ کسی ملکی ادارے نے ۔

Comments