خورشید شاہ ضمانت کیس:خصوصی بنچ تشکیل دیا جائیگا


 سپریم کورٹ نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس  میں گرفتار پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ اور انکے بیٹے کی طرف سے دائر ضمانت درخواستوں کی سماعت کے موقع پر وکیل درخواست گزار کو آئندہ سماعت تک اپنے دلائل کا خلاصہ جمع کرانے کی ہدایت دیتے کیس  کی سماعت 5 اکتوبر سے شروع ہونے والے عدالتی ہفتے تک ملتوی کر دی ۔ 

کیس کی آئندہ سماعت کے لئے خصوصی بنچ تشکیل دیا جائیگا ۔  ضمانت کی اں درخواستوں کی سماعت جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔دوران سماعت نیب کے وکیل  نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے ضمانت پر رہا ہونے والے شریک ملزمان کے خلاف اپیلیں دائر کی ہیں ، درخواست گزار وں   کی جانب سے بھی دو درخواستیں دائر کی گئی ہیں ، 

درخواست گزار کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواستوں کی کاپی ہمیں نہیں ملی ، دوران سماعت سید خورشید شاہ کے وکیل میاں رضا ربانی نے   موقف اپنایا کہ اس کیس کے 7 ہزار صفحات ہیں ، یہ 12 املاک اور بینک اکاونٹس کا کیس ہے ، میرا موکل سید خورشید شاہ ایک سال سے حراست میں ہے ، 5  اکتوبر سے پہلے کیس کی سماعت مقرر کی جائے تو بہتر ہوگا ۔ 

 عدالت نے  وکیل صفائی کو  دلائل کا خلاصہ آئندہ سماعت سے پہلے جمع  کرنے کی ہدایت کر دی ۔ جسٹس اعجاز الاحسن  نے میاں رضا ربانی سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ میاں   رضا ربانی صاحب آپ چاہتے ہیں کہ ہم  آپ کے دلائل سن کر انجوائے کریں ، ہم یہ کیس سننا چاہتے ہیں لیکن نیب کو وقت درکار ہے ، 5 اکتوبر سے شروع ہونے والے ہفتے میں سماعت کا آرڈر کر دیتے ہیں ، اس ہفتے میں بیشتر بینچ سپریم کورٹ  کوئٹہ رجسٹری میں ہونگے اس کیس کے لئے خصوصی بینچ بنایا جائیگا ۔ 

ہم نیب کو نوٹس بھی  کر دیتے ہیں ۔  نیب وکیل  عدالت کو بتایا کہ ہمارے سینئر پراسیکیوٹر جہانزیب بھروانہ اس کیس کی آئندہ سماعت میں پیش ہونگے ۔ عدالت عظمی نے نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس  میں ملوث  پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ اور انکے بیٹے  کی ضمانت کیلئے دائر  درخواستوں پر سماعت 5 اکتوبر سے شروع ہونے والے عدالتی ہفتے تک ملتوی کر دی ہے ۔


Comments